ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان

لاہور : محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیر، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ  بارش اور برفباری کا امکان  بھی ہے۔

کلات شہر اور اس کے گرد و نواح میں گزشتہ روز کی بارش اور برفباری کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شدید سردی کی وجہ سے گیس کی فراہمی متاثر ہو گئی ہے، اور بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے بھی معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ اس شدید سردی کے باعث پانی کے ٹینکس اور پائپس ٹوٹنے لگے ہیں اور سڑکوں اور تالابوں میں پانی جم گیا ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں جزوی ابرآلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے، ساتھ ہی مزید بارش کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور ان کے گرد و نواح میں ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم سیالکوٹ، گجرات، نارووال، جہلم اور راولپنڈی میں صبح کے وقت ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ رات کے اوقات میں گوجرانوالہ، شیخوپورہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور دیگر شہروں میں شدید دھند چھا سکتی ہے۔

چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ رات کے اوقات میں بنوں، لکی مروت، پشاور اور دیگر علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج بھی شدید سردی برقرار رہے گی، جبکہ سندھ میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

مصنف کے بارے میں