لاہور : پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی وجہ سے متاثر ہو گئے ہیں جس کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق مختلف مقامات پر موٹر ویز کوبند کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے ملتان تک بند ہے، جبکہ ایم 4 پر پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ٹریفک کا داخلہ بھی ممنوع ہے۔ موٹر وے ایم 11 لاہور سیالکوٹ پر بھی ٹریفک کی انٹری پر پابندی ہے، تاہم ملتان سکھر موٹروے ایم 5 کو حد نگاہ میں بہتری کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
دھند کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جس سے مسافروں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت دی ہے۔
دوسری جانب، لاہور ایئرپورٹ پر بھی دھند کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر ہو رہا ہے، اور کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔ ٹرینوں کی آمدورفت بھی تاخیر کا شکار ہے، جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
لاہور میں گزشتہ روز بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج لاہور میں بارش کے امکانات نہیں ہیں، تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 97 فیصد تک پہنچ چکا ہے، اور ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ۔