ہنگو : آج 6 جنوری کو وہ دن یاد کیا جا رہا ہے جب 11 سال قبل ہنگو کے علاقے ابراہیم زئی میں گورنمنٹ ہائی سکول کے طالب علم اعتزاز حسن نے اپنی جان کی قربانی دے کر سیکڑوں طلبا کی جانیں بچائیں۔
15 سالہ اعتزاز نے خود کش بمبار کو اسکول میں داخل ہوتے ہی اس کے حملے کو ناکام بنا دیا اور اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اسے قابو کر لیا۔ اس بہادری کے نتیجے میں وہ شہید ہو گئے لیکن ان کی قربانی نے دو ہزار طالب علموں کی جان بچا لی۔
اعتزاز حسن کی بہادری کو نہ صرف اس کے دوستوں اور اساتذہ نے یاد کیا بلکہ حکومت نے بھی انہیں ان کی جرات و بہادری کے اعتراف میں ستارہ شجاعت سے نوازا۔ آج بھی لوگ ان کی قربانی اور بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اور وہ ہمارے قومی ہیرو کے طور پر ہمیشہ زندہ رہیں گے۔