لندن : برطانیہ میں حالیہ شدید برف باری نے ملک کے مختلف حصوں میں معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ برمنگھم اور لیڈز بریڈ فورڈ ایئرپورٹس کے رن وے برفباری کے سبب بند ہو گئے، جبکہ لیورپول ایئرپورٹ پر کھڑے طیارے برف سے ڈھک گئے۔ رن وے کی صفائی کے بعد پروازوں میں تاخیر ہوئی، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اسکاٹ لینڈ کے علاقے لاخ گلاسکارنوچ میں درجہ حرارت منفی 11 تک گر گیا، جبکہ لندن میں برف اور بارش کے باعث برف نہیں جمی۔ شمالی آئرلینڈ اور انگلینڈ میں ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہو گئے، اور لندن کے واٹر لو اسٹیشن سے بھی کئی ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔
حکام نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے شمالی انگلینڈ میں 25 سینٹی میٹر تک برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ مختلف علاقوں میں برفباری، بارش، پھسلن اور سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے، اور بعض جگہوں پر 40 سینٹی میٹر تک برف گرنے کا امکان ہے۔