اسلام آباد : آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سمیت پاکستان کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نظام زندگی متاثر ہو رہا ہے۔ گلگت بلتستان کے ضلع استور میں شدید برف باری کی وجہ سے علاقے کا مواصلاتی نظام متاثر ہو گیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں جیسے اڑنگ کیل، گریس، ہلمت، شونٹھر سرگن اور جاگراں ویلی میں 4 سے 7 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔
کالام میں برف باری کے خوبصورت مناظر دیکھنے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ چکی ہے، جبکہ پارا چنار اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقے بھی بارشوں اور برف باری کے بعد شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ قلات میں پارا منفی 9 اور کوئٹہ میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے۔ پنجاب میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوا ہے، اور میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے، جس نے سفر کو مشکل بنا دیا ہے۔