راولپنڈی : پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا بانی چیئرمین سے ٹکٹوں کی مشاورت کے حوالے سے تیسری ملاقات ہوئی ۔ مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔ ٹکٹوں کا مسئلہ پیر کو مکمل ہو جائے، پیر کی شام کو ٹکٹوں کااعلان کریں گے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرعلی کا کہنا تھا الیکشن کا ہر صورت انعقاد چاہتے ہیں،سینٹ کی قراداد کی کوئی آئینی قانونی حیثیت نہیں ہے،امید ہے الیکشن وقت پر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک پارٹی سے بات چیت چل رہی تھی لیکن وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی،فی الحال کسی جماعت سے اتحاد نہیں،اگر ایک ادھ سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ ہوئی تووہ ہمارے نشان پر ہی الیکشن لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین جیل میں ہیں انھوں نے تو جا کر آرٹیکل شائع نہیں کروایا ۔۔پی ٹی آئی کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں سب اداروں کا احترام کرتے ہیں اسمیں کوئی دوسری رائے نہیں۔