نواز شریف نیب کو کنٹرول کر رہے ہیں، سپریم کورٹ پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ لے کر دے : لطیف کھوسہ 

نواز شریف نیب کو کنٹرول کر رہے ہیں، سپریم کورٹ پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ لے کر دے : لطیف کھوسہ 
سورس: File

راولپنڈی : عمران خان کے وکیل اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر سردار عبداللطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا ہے کہ نیب اس وقت نواز شریف کے کنٹرول میں ہے۔ سپریم کورٹ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دلوائے۔ عمران خان خمینی بن کر واپس آئے گا۔ میڈیا کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتا۔

سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ  چودہ سینیٹرز کی الیکشنز کو موخر کرنے کی قرارداد سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین ہے۔  سینیٹ میں کورم بھی پورا نہیں سپریم کورٹ کو اسکا نوٹس لینا چاہئیے۔ سینیٹ کی قرار داد آئین کی تضحیک ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا موقف ہے الیکشنز کو کسی صورت موخر نہیں ہونا چاہیئے۔ سپریم کورٹ نے لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کا کہا ہے۔ الیکشن ٹریبونلز نے بیشتر کاغذات نامزدگی منظور کئے ہیں۔ الیکشن ٹریبونلز کے فیصلے اس بات کی عکاسی ہے آر اوز کسطرح کے فیصلے دیتے رہے ہیں۔ 

سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہماری درخواست پر سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب اور سیکرٹری پنجاب کو نوٹسز جاری کئے ہیں۔ جس انداز سے پی ٹی آئی کے امیدواروں کے خلاف کاروائیاں کی گئی وہ دنیا نے دیکھا۔ ہمارا مطالبہ ہے پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ دیا جائے۔ نگراں حکومتیں پی ٹی آئی کی انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں درخواست ضمانت پر ہمارے دلائل مکمل ہوچکے ہیں۔ نیب کی پراسیکیوشن ٹیم مسلسل التواء مانگ رہی ہے۔  نیب نے پچھلی سماعت پر بھی عدالت سے وقت مانگا آج بھی وقت مانگا۔ نیب نے پچھلی سماعت پر نواز شریف کے وکیل امجد پرویز کو بطور پراسیکیوٹر پیش کیا۔

لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ عدالت کو بتایا کیا نواز شریف نیب کو کنٹرول کررہا ہے۔ عدالت نے پیر 8 جنوری کیلئے سماعت رکھی ہے۔ ملک ریاض کے وکیل فاروق ایچ نائیک بھی آج عدالت میں پیش ہوئے۔ ملک ریاض کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کردی گئی ہے۔ عدالت نے ملک ریاض کو مفرور قرار دیا ہے۔