راولپنڈی:190 ملین پاؤنڈز اور توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم آج بھی عائد نہ ہو سکی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز اور توشہ خانہ کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی ٹیم کے ہمراہ اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے توشہ خانہ ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے پر زور دیا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ریفرنس کی نقول کی فراہمی کو 7 روز مکمل ہو چکے ہیں۔
وکیل لطیف کھوسہ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانتوں پر پہلے فیصلہ کرنے کی استدعا کی۔وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستیں پہلے سنی جائیں۔
عدالت نے فرد جرم کی کارروائی اور درخواست ضمانتوں پر فیصلے کے لیے 8 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی۔
عدالت نے دونوں کیسز کی سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔