دوسری جماعتیں روئیں یا چیخیں انتخابات8 فروری کو ہی ہوں گے: مریم اورنگزیب

دوسری جماعتیں روئیں یا چیخیں انتخابات8 فروری کو ہی ہوں گے: مریم اورنگزیب
سورس: file

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ  دوسری جماعتیں روئیں یا چیخیں ملک میں عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

 مریم اورنگزیب نے اشتعال انگیز گفتگو کرنے کے مقدمے میں لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے روبرو پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی۔ عدالت نے مریم اورنگزیب کو حاضری مکمل کرا کر واپس جانے کی اجازت دے دی۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ  سینیٹ کی قرارداد کے آگے پیچھے کوئی بھی ہو الیکشن شیڈول پر عمل ہو گا، سینیٹ میں قرارداد جو گزشتہ روز منظور ہوئی اس کی مخالفت صرف ن لیگ نے کی۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی تو وہ صرف نواز شریف ہیں۔ نواز شریف کو الیکشن کے دوران بیٹی کے ساتھ جیل بھیجا گیا، سازش کے تحت پہلے لاہور ہائی کورٹ گئے، پھر سینیٹ قرارداد کا ساتھ دیا،  یہ لوگ اندر چپ رہتے ہیں اور باہر ڈھول پیٹتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے لاہور ہائی کورٹ گئے تاکہ الیکشن رک جائیں۔  گزشتہ روز پی ٹی آئی نے سینیٹ میں قرارداد کی حمایت کی، ن لیگ کو الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق 8 فروری کو فیصلہ چاہیے، فیصلہ پاکستان کے عوام کو کرنا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ  جیلوں میں بیٹھ کر دھمکیاں دینا بند کرو، جیب سے سائفر نکالتا ہے اور کہتا ہے محسن نقوی نے میری حکومت گرائی۔ ان لوگوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے، پاکستان کے عوام کو الیکشن چاہئیں،  ن لیگ کا موقف واضح ہے کہ انتخابات 8 فروری 2024 کو ہی ہوں گے۔  مسلم لیگ ن الیکشن کے لیے پوری طرح تیار ہے،

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ 9 مئی والوں پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے،  ان کو ڈھیل ان کو تب ملی جب 9 مئی کے دہشت گرد کو گڈ ٹو سی یو کہا گیا، 9 مئی کو پورے ملک کو جلانے کا کہا، پھر کہا کارکنوں نے یہ کیا، اب کارکن بھگت رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ نے معیشت کو تباہ کیا، عوام کو بےروزگار کر دیا، روٹی مہنگی کی،  آپ نے ملک  ڈیفالٹ کیا تو ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے شہباز شریف نے بچایا۔ 

ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ ہم اسمبلیوں کے باہر ڈرامے کرنے والے نہیں ہیں، نواز شریف نے جیسے پہلے لوڈ شیڈنگ، مہنگائی ختم کی دوبارہ کریں گے، وہ خوشحالی اور ترقی کے دن واپس لائیں گے، مسلم لیگ ن کےجلسوں کا اگلے ہفتے شیڈول طے ہو گا۔

مصنف کے بارے میں