لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور عمران خان نے کہا ہے کہ اعتماد کے ووٹ میں اسٹیبلشمنٹ ہمیں نیوٹرل نظر نہیں آرہی، ہمارے لوگوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے، اب تک3 لوگ اس کا بتا چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں کورٹ رپورٹرز سے ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 11جنوری کو عدالت فوری اعتماد کا ووٹ لینے کا کہے تو تیار ہیں، چوہدری پرویز الٰہی اتحادی ہیں، جنرل باجوہ کے بارے میں ان کا اپنا موقف ہے اور ہمارا اپنا، پرویز الٰہی ہمیں ہمارے موقف سے ہٹنے کیلئے نہیں کہہ سکتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہماری لڑائی انصال کے حصول کیلئے ہے اور چوروں سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، جنرل باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے، اس لئے تمام مقدمات ختم ہوگئے، ملک میں جنگل کا قانون ہے، انصاف کی ضرورت امیر کو نہیں غریب کو ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے نہیں، اقتدار میں آئے تو فوری بلدیاتی الیکشن کروائیں گے، لوٹوں کی ایکسپائری ڈیٹ ختم ہو چکی ہے، اس وقت اسٹیبلشمنٹ پولیٹیکل انجینئرنگ کر رہی ہے اور باپ پارٹی کو پیپلز پارٹی میں شامل کیا جا رہا ہے، نیوٹرلز پنجاب میں پیپلز پارٹی کو لانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔