وزیراعلیٰ کیلئے اعتماد کا ووٹ، پی ٹی آئی کے ناراض ارکان نے فارورڈ بلاک بنانے کا عندیہ دیدیا

10:11 PM, 6 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: پنجاب میں وزیراعلیٰ کیلئے اعتماد کا ووٹ لینا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کیلئے بڑا چیلنج بن گیا ، ناراض ارکان نے فارورڈ بلاک بنانے کا عندیہ دیدیا ۔

جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کو پارٹی پالیسی سے شدید اختلافات ہے ، ناراض ارکان نے فارورڈ بلاک بنانے اور 12 ارکان کی حمایت کا دعویٰ کر دیا ۔ ناراض پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ معاملات طے نہ پائے تو فارورڈ بلاک کھل کر سامنے آجائے گا ۔ ناراض ارکان نے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تحفظات سے آگاہ کر دیا ۔

دوسری جانب مسلم لیگ ق نے وزیراعلیٰ پنجاب کا اعتماد کا ووٹ پی ٹی آئی کے ارکان پورے ہونے سے مشروط کر دیا ۔ ق لیگ نے تحریک انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے 9 جنوری کے اجلاس میں اپنے مکمل ارکان شو کریں ۔ ارکان پورے نہ ہوئے تو پرویز الہٰی اعتماد کے ووٹ کا رسک نہیں لیں گے ۔

پی ٹی آئی کی خواتین ارکان اسمبلی کے بیانات کے بعد ق لیگ نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر دی ہے ۔ ق لیگ نے پی ٹی آئی کو پیغام دیا ہے کہ ارکان پورے ہونے پر ہی چودھری پرویزالہٰی 11 جنوری سے قبل اعتماد کا ووٹ لیں گے ، ارکان پورے نہ ہونے پر ق لیگ عدالت عظمیٰ کے حکم کا انتظار کرے گی ۔

پی ٹی آئی نے 9 جنوری کے اجلاس میں ارکان پورے کرنے کا ٹاسک اہم رہنماؤں کو سونپ دیا ہے ، پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس 8 جنوری کو بلانے پر غور جاری ہے ۔

مزیدخبریں