لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت گھٹیا پن سے باہر آئے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر حملہ کی شفاف تحقیقات کرائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی جانب سے عمران خان کو لگنے والی گولیوں کا مذاق اڑانے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی گراوٹ کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ایف آئی آر کاٹنے کی بجائے عمران خان کا مذاق اڑا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ وفاقی اداروں کو استعمال کر کے افسران بالا اور جے آئی ٹی پر اثر انداز ہو رہے ہیں، عمران خان نواز شریف کی طرح بیماری کا ڈرامہ رچا کر ملک سے فرار نہیں ہوا بلکہ پاکستان میں رہ کر ہمت اور جرات کے ساتھ سازشوں اور ظلم و جبر کا مقابلہ کیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جو آنکھوں دیکھا مجرم عمران خان پر گولی چلاتا پکڑا گیا اسے میڈیا پر بٹھا کر عمران خان کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کی گئی، یہ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی واضح اور گھٹیا مثال ہے اور اس حرکت سے عمران خان کی عزت و توقیر میں اضافہ ہوا ہے۔
امپورٹڈ حکومت گھٹیاپن سے باہر آئے اور عمران خان پر حملہ کی شفاف تحقیقات کرائے: فیاض الحسن چوہان
07:49 PM, 6 Jan, 2023