اسلام آباد: ادارہ شماریات نے آٹے کی قیمتوں کی نئی تفصیلات جاری کر دی ہے جس کے مطابق آٹے کی قیمتوں کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے او رپہلی بار آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے بتایا ہے کہ کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں جہاں حالیہ ایک ہفتے میں آٹے کا20 کلو کا تھیلا 400روپے تک مزید مہنگا ہوا ہے اور فی کلو آٹا 150 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حیدر آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2880 روپے، کوئٹہ،سکھر میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 2700 روپے، پشاور 2650 اور خضدار میں 2620 روپے تک قیمت ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2600روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے اور اسلام آباد میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1295 روپے ہے جبکہ پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں بھی آٹے کا تھیلا 1295 روپے ہے۔