الیکشن ہر صورت ہوں گے اور عوامی مسلم لیگ عمران خان کیساتھ مل کر انتخابات لڑے گی: شیخ رشید

04:47 PM, 6 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الیکشن ہر صورت ہو کر رہیں گے اور ہم عمران خان کے ساتھ مل کر انتخابات لڑیں گے، کہتے ہیں عمران خان کو گولی نہیں لگی ،پوچھتا ہوں کیا ان کے باپ کے پٹاخے لگے تھے۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جن مسائل میں گھرا ہوا ہے ،اس پر لمبی بات نہیں کروں گا، آج ملک بھر میں آٹا، گھی اور اشیائے ضروریہ مہنگی ہو چکی ہیں اور شہباز شریف کمپنی فن گداگری کا ماہر خاندان ہے، ان کی شکلیں ٹی وی پر آتی ہیں تو لوگ ٹی وی بدل دیتے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے عمران خان کو جان سے مارنے کی کوشش کی، کہتے ہیں عمران خان کو گولی نہیں لگی ،پوچھتا ہوں کیا ان کے باپ کے پٹاخے لگے تھے، یہ کوشش کر رہے ہیں عمران خان کو سلو پوائزنگ کے ذریعے ختم کرادیا جائے، عمران خان نے کہا شیخ رشید اس اسمبلی میں نہیں بیٹھیں گے جہاں چور بیٹھے ہوں۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ آج کی سیاست عمران خان کے ساتھ ہے اور ہماری دعا ہے اللہ ملک کی ان چوروں اور ڈاکوؤں سے جان چھڑائے، الیکشن ہوں گے اور ہر صورت ہو کر رہیں گے جبکہ عوامی مسلم لیگ عمران خان کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی۔ 

مزیدخبریں