عمرا ن خان نےسی پیک منصوبے کا جنازہ نکال دیا ، وزیر اعظم شہباز شریف

03:51 PM, 6 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمرا ن خان نےسی پیک منصوبے کا جنازہ نکال دیا ہے۔

اسلام آباد میں ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا، پی ٹی آئی نے  4 سال میں عوام کی سہولت کے لیے کچھ نہیں کیا ، ملک کی معیشت  تباہ  ہو گئی ،عمران خان نے پاکستان کے معاشرے کو  بھی بداخلاق بنا دیا ہے ۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا   کہ باجوہ صاحب نے عمران خان کی کس طرح مدد کی مجھے اس سے کچھ لینا دینا  نہیں،باجوہ صاحب اور عمران کے تعلقات کیسے تھے اب سب کے سامنے ہے،عمران خان ایک احسان فراموش انسان ثابت ہوا ہے ۔

ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے حوالے سے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہزارہ کے لوگ اس  بجلی کی کمپنی کے مالک بنیں،  ہم نے 20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے عوام کے لیے آسانی پیدا کی ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ چائنہ، سعودی عرب، اور یو اے ای نے پاکستان کی سیلاب کے دوران بہت مدد کی ،سعودی عرب کی طرح چین بھی پاکستان کا بہترین دوست ہے،  چین نے ہماری 30ارب ڈالر کی مدد کی۔ چین سے ہمارے  برادرانہ تعلقات ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا میں معلوم ہے کہ پاکستان کے عوام پہلے قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں،   ملک  میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے  اس لیئے ہم نے غریب آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا بلکہ امیروں پر ٹیکس لگایا ہے، جب مشکل آتی ہے تو مختلف جگہوں سے بچت کرکے مشکل کو دور کیا جاتا ہے،  تاجر ہمارے بھائی ہیں یقین ہے کہ تاجر برادری  بجلی کی بچت میں ہمارا ساتھ دیگی ۔

مزیدخبریں