اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس پر پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی ۔
شہبازگِل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی ،پر اسیکوٹر رضوان عباسی اور شہبازگِل کے وکیل برحان معظم عدالت میں پیش ہوئے ، عماد یوسف کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ عماد یوسف کو ملیریا ہو گیا ہے، عماد یوسف کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی ہے ۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے باریاں لگی ہوئی ہیں، شہبازگِل ایمبولینس پر لاہور سے آگئے اور عماد یوسف کراچی سے نہیں آئے، جواب میں عماد یوسف کے وکیل نے کہا کہ موکل کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کردی ہے۔
دوسری جانب شہبازگِل کے وکیل کا کہنا تھا کہ شہباز گل عدالت کے باہر ایمبولینس میں موجود ہیں،یہ لوگ بیمار آدمی کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کرا دیتےہیں ۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس نے کہا ایسا لگ رہا ٹائم آگے کیاجارہاہے، عدالت نے سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی ہے ۔