اب انتظار ہے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی فارن فنڈنگ سامنے آئے، فواد چودھری

09:45 PM, 6 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 40 ہزار ڈونرز کا حساب دیا اور فارن فنڈنگ کیس میں سرخرو ہوئی جبکہ اب اتنظار ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی فارن فنڈنگ سامنے آئے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ فرخ حبیب کو تحریک انصاف کا نیا سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف نے شفاف فنڈنگ کا نظام دیا ہے اور کسی دوسری جماعت نے پی ٹی آئی کی طرح فنڈنگ کا حساب نہیں دیا جبکہ حیران ہوں کیسے، کیسے لوگ مریم نواز کے پیچھے ہاتھ باندھے کھڑے ہوتے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا دورختم ہو چکا ہے جبکہ شریف خاندان کی پارٹی کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں نئے لوگوں کو سامنےآنا چاہیے اور دونوں پارٹیوں کو چاہیے کہ اپنا نام تبدیل کر لیں۔ یہ بچے ہیں انہیں وقت کے ساتھ پتہ چل جائے گا کہ سیاست کیا چیز ہوتی ہے؟ تاہم ان کا کہنا تھا کہ نانا دادی بننے کے بعد بھی ضروری نہیں کہ عقل آجائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ کی پارٹی کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اب اصل راستے پر گامزن ہے اور خیبرپختونخوا میں شفاف انتخابات کرائے، اب پنجاب میں بھی شفاف انتخابات کرائیں گے اور پنجاب میں لوکل گورنمنٹ کی مدت ختم ہو گئی ہے، پنجاب میں بلدیاتی قانون جلد پاس ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ضابطہ اخلاق سے متعلق ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے رابطہ کریں گے اور یہ مضحکہ خیز ہے کہ ایم این اے اپنے حلقے میں مہم نہیں چلا سکتا ہے اور 10 جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں فنانس بل پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جان پیسے میں  ہے اور نیب پیسہ وصول کرنا چاہتا ہے اور صحافیوں کو گالیاں دینے پر مریم نواز کو معافی مانگنی چاہیے جبکہ اپوزیشن سے کہتے ہیں کہ مقدمات پر نہیں اور اصلاحات پر بات کریں کیونکہ ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

مزیدخبریں