اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی ہے جس میں ریاست مدینہ کی بنیادی اقدار کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
نیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور مولانا طارق جمیل کی ملاقات میں پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی قائم کردہ ریاست مدینہ کی بنیادی اقدار اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شاندار تعلیمات کی روشنی میں نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے قومی رحمۃ للعالمین اتھارٹی کے مجوزہ کردار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہم بحیثیت قوم صرف حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی ترقی کر سکتے ہیں۔
مولانا طارق جمیل نے ریاست مدینہ کے فلاحی ماڈل کو نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں نوجوانوں کی کردار سازی پر زور دینےکے لیے وزیر اعظم کی کاوشوں کو سراہا۔