میلبورن: معروف ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک کھلاڑی نواک جوکووچ کو آسٹریلیا میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹینس سٹار کو ابتدائی طور پر آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے کورونا ویکسین کی شرط سے طبی استثنیٰ دیا گیا تھا تاہم اب آسٹریلوی حکام کی جانب سے ان کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
سربین ٹینس سٹارکو آسٹریلیا کی حکومت نے ایک خط بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ان کا ویزا منسوخ کرتے ہوئے انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب نواج جوکوچ کے وکیل کا کہنا ہے کہ ٹینس سٹار اپنی ملک بدری روکنے کے لیے درخواست دائر کریں گے۔
وکٹوریہ کی مقامی حکومت نے کہا کہ وہ جوکووچ کی درخواست کی حمایت نہیں کرے گی جس سے ان کی قسمت کا فیصلہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم سکاٹ موریسن کے ہاتھ میں آ جائے گا۔
اس حوالے سے آسٹریلوی وزیر اعظم سکاٹ موریسن نےاپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ جوکووچ کا ویزا منسوخ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے ، کوئی بھی اس سے بالاتر نہیں ہے۔