اسلام آباد: معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی سلامتی پر مبنی ریاست بنانے کی راہ پر گامزن ہے۔ انسانی فلاح اور معاشی خوشحالی علاقائی روابط پر منحصر ہے، روایتی جیو اسٹریٹجک کے بجائے جیو معاشی پوزیشن پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔
قومی سلامتی ایڈوائیزری بورڈ کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو معاشی شراکت اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کریں گے۔پاکستان کا معاشی وژن خطے اور شراکت داروں کو فائدہ پہنچائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ اقتصادی پارٹنر شپ کریں گے اور سرمایہ کاری کے لئے مواقع فراہم کریں گے۔علاقائی اقتصادی روابط پر بات کرتے ہوئے۔ پاکستان اپنے جیو اقتصادی موقع کی وجہ سے علاقائی تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ڈاکٹر معید یوسف نے کہا پاکستان کا معاشی راہداری اور معاشی سلامتی کا وژن خطے اور شراکت داروں کو فائدہ پہنچائے گا۔ شرکاء قابل عمل تجاویز پیش کریں جو ملک کو معاشی تحفظ کے حصول کی راہ پر گامزن کریں۔