ہزارہ برادری بے حس انسان کا انتظار نہ کرے، شہدا کی تدفین کریں، مریم نواز

05:21 PM, 6 Jan, 2021

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مچھ سانحے میں شہید ہونے والے ہزارہ برداری کے لواحقین سے درخواست کی ہے کہ وہ میتیں دفنا دیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میری اپیل پے کہ اپنے پیاروں کی میتیں اللہ کے حوالے کر کے سپرد خاک کر دیں اور اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے جبکہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میری دکھی، ماوں اور بہنووں کا اپنے پیاروں کا ایسا ظالمانہ قتل کوئی معمولی سانحہ نہیں ہے اور پوری قوم آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ میرے والد نواز شریف بھی دکھی ہیں لیکن آپ ایک بے حس اور  پتھر دل انسان کا انتظار مت کریں کیونکہ یہ آپ کو یا عوام کو جوابدہ نہیں ہے۔ 

اس سے قبل مچھ واقعے کے لواحقین سے ملنے کے لئے وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ جانے کا اعلان کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا کی تدفین کی جائے کیونکہ میں بھی ان کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں اور کبھی بھی عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاوں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جبکہ ہزارہ برادری کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کے مطالبات کا احساس ہے اور حکومت یہ بھی جانتی ہے کہ ہمارا پڑوسی ملک فرقہ واریت کو فروغ دے رہا ہے۔ 

خیال رہے دوسری جانب سانحہ مچھ کے لواحقین کا کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر چوتھے روز بھی دھرنا جاری ہے اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے آنے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مظاہرین اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور بھی ناکام رہا ہے۔ وفاقی وزیر علی زیدی ، معاون خصوصی زلفیٰ بخاری اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری وزیراعظم کی ہدایت پر رات مچھ سانحے کے لواحقین سے مغربی بائی پاس پر بیٹھے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے تھے تاہم مظاہرین اور حکومتی وفد کے درمیان مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے۔ 

مزیدخبریں