اسلام آباد:حکومت نے آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار کو بھی تبدیل کر دیا اور ان کی جگہ پر قاضی جمیل الرحمان کو وفاقی دارالحکومت میں اس عہدے کے لئے تعینات کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی جی کو شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم میں کمی نہ لانے میں ناکامی کی وجہ سے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔
خیال رہے کے نئے تعینات ہونے والے آئی جی اسلام آباد اس سے قبل قاضی جمیل الرحمان خیبرپختونخوا میں خدمات انجام دے رہے تھے اور
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں فائرنگ کے علاوہ ڈکیتی، چوری اور چھینا چھپٹی کے واقعات دیکھنے کو ملے اور ان میں دن بدن اضافہ بھی ہو رہا ہے۔
گزشتہ سال 28 دسمبر کو مسلح افراد نے مرکز ایف 10 میں حساس ادارے کے ملازم کو لوٹنے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے اس کو ابدی نیند سُلا دیا۔ اس سے اگلے دن سیکٹر 10 فور میں بھی گھر کے باہر کھڑے شخص کو فائرنگ کر کے جان سے مار دیا گیا تھا۔
29 دسمبر کو مسلح افراد نے ایک جیولری کی دکان کے باہر دن میں اندھا دھند فائرنگ کی جس سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا۔ 3 دسمبر کو تھانہ سبزی منڈی اور شمس کالونی کی حدود میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دو ٹرک ڈرائیورز کو ڈکیتی کی نیت سے روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے کی بنا پر ملزمان نے ڈرائیورز کو مار دیا۔
اسی طرح نئے سال کے دوسرے دن اسلام آباد پولیس کے اے ٹی ایس اہلکاروں نے گاڑی نہ روکنے پر اسامہ ندیم ستی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔