نیو دہلی: عالمی وبا کے بعد بھارت میں ایک اور خطرناک بیماری پھیل گئی ، برڈ فلو کے پھیلنے سے مختلف ریاستوں میں پرندوں کی بڑی تعداد ہلاک ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق راجھستان اور مدھیہ پردیش سمیت چھ ریاستوں میں دو قسم کے برڈ فلو سے ہزاروں مرغیاں ، بطخیں ، کوے اور دیگر پرندے ہلاک ہو چکے ہیں۔ وبا کے پھیلنے کے بعد حکام نے چڑیا گھروں سمیت کئی جگہوں پر اسپرے کئے ۔
ادھر بھارتی ریاستیں ایک دوسرے پر برڈ فلو پھیلانے کا الزام لگا رہی ہیں ، انتظامیہ نے ٹیسٹ کے لیے مرنے والے پرندوں کے سیمپل حاصل کر لیے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت پہلے ہی عالمی وبا کی گرفت میں ہے ایسے میں برڈ فلو نے مودی سرکار کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت عالمی وبا کے کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 151 جبکہ ایک کروڑ 3 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس وبا نے بھارت کی معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔ جس کے باعث لاکھوں لوگ بے روز گار ہو گئے ہیں۔