جیلوں کے انتظامی امور کی بہتری کیلئے تبدیلی سرکار کا بڑا اقدام

03:03 PM, 6 Jan, 2021

لاہور: جیلوں کے انتظامی امور کی بہتری کے لیے بڑا اقدام ، تمام اراکین اسمبلی اپنے حلقوں کے جیلوں کا دورہ کر سکیں گے۔

وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پریویلجز ایکٹ 1972، سیکشن 18 کے تحت ہر اسمبلی ممبر دفتری اوقات میں متعلقہ جیل کے معائنے کا مجاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر جیل خانہ جات اور ہوم سیکرٹری کسی بھی فرد کو نان آفیشل معائنے کے لیے نامزد کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس حوالے سے وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی جانب سے خصوصی مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اراکین اسمبلی جیل افسران کے گھروں میں ملازمین اور جانوروں کی تعداد سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیدیوں کو طبی و تعلیمی سہولیات ، مافیا ، کھانے کی کوالٹی ، منشیات کی ترسیل سے متعلق پوائنٹس رپورٹ کا حصہ ہونگے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جیلوں میں صفائی ستھرائی، بنیادی انسانی حقوق اور کرپشن سے متعلق تجاویز بھی رپورٹ میں شامل کی جائیں گی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آئندہ 6 ماہ میں پنجاب بھر کی جیلوں کے انتظامی امور میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پنجاب کی جیلیں پورے پاکستان کی جیلوں کے لیے قابل تقلید مثال ہونگی۔

مزیدخبریں