لاہور: محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان ، پنجاب ، کشمیر میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ بدستور دھند کی لپیٹ میں رہیں گے ۔ ملک کے بیشتر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ، پنجاب ، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔
ملک میں سب سے زیادہ بارش پنجاب ، کشمیر ، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان میں ریکارڈ کی گئی۔ پہاڑوں پر برفباری سے بالائی علاقوں کا درجہ حرارت مزید گر گیا۔
مری اور ایبٹ آباد میں شدید برفباری ہوئی ، رپورٹ کے مطابق مری میں 1 فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ درخت گرنے سے بجلی اور ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا ، شاہراہ کشمیر مکمل بند ، سیاحوں کی گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگی ہیں ، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
مالم جبہ میں 5 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ گوپس منفی 11 ، لہہ منفی 10 ، اسکردو ، کوئٹہ ، قلات ، استور منفی 7، بگروٹ، کالام ، پاراچنار منفی 6 اور دالبندین میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔