ایران کاامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطہ  

10:53 AM, 6 Jan, 2021

تہران : ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے ایک مرتبہ پھر رجوع کرلیا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق  ایران نے انٹرپول سے صدر ٹرمپ سمیت 48 عہدیداروں کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی ہے ۔

ایران کی وزارت انصاف کے ترجمان نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ جنرل قاسم سلیمانی اور مہدی المہندس کی بغداد ائیر پورٹ پر امریکی حملے میں ہلاکت پر صدر ٹرمپ اور 48 اعلیٰ ترین امریکی حکام کی گرفتاری  کے لیے ایک بار پھر انٹرپول میں درخواست جمع کروا دی ہے ۔

ایرانی عدالت کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ قاسم سلیمانی کو قتل کرنے والوں کو سزا دینے پر سنجیدگی سے عمل ہیرا ہیں ۔ ایران نے گزشتہ برس جنوری میں بغداد ائیر پورٹ پرحملے میں ملک  کی سب سے اہم اور طاقتور قدس فورس کے مقبول ترین سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا ذمہ دار بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر 47 افراد کو قرار دیا تھا۔

قاسم سلیمانی اور مہدی المہندس کی ہلاکت کے خلاف ایران نے انٹرپول سے ان افراد کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی جس کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔ اب ایران کی طرف سے بین الااقوامی وارنٹ گرفتاری کے لیے دوسری بار درخواست دی گئی ہے ۔

ایران میں تہران کے پراسیکیوٹر نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر صدر ٹرمپ کی گرفتاری کے لیے وارنٹ بھی جاری کیے گئے تھے ۔ 

ایران جنرل قاسم کا بدلہ لینے کے لیے کئی بار امریکہ کو دھمکیاں بھی دے چکا ہے ، اور بغداد میں امریکی سفارتخانے اور فوجی اڈوں پر حملے بھی کے گئے تھے ۔ 

مزیدخبریں