نیوزی لینڈ کے لیو کارٹر نے ایک اوور میں 6 چھکے لگا دئیے

01:27 PM, 6 Jan, 2020

ویلنگٹن:نیوزی لینڈ کے لیو کارٹر نے ایک اوور میں چھ گیندوں پر چھ چھکے جڑ کر نئی تاریخ رقم کردی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے نیوزی لینڈ کے پہلے کرکٹر بن گئے۔ نیوزی لینڈ کی ٹی20 لیگ سپر سمیش میں ناردرن ڈسٹرکٹ کے لیو کارٹر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 29گیندوں پر 70رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

ناردرن ڈسٹرکٹ کی ٹیم 220 رنز کے ہدف کا تعاقب کررہی تھی اور اسے میچ میں فتح کے لیے 30 گیندوں پر 64رنز درکار تھے۔اس موقع پر سپنر ایونٹن ڈیوسچ باؤلنگ کے لیے آئے اور لیو کارٹر نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اوور کی تمام 6 گیندوں پر چھکے رسید کر کے اپنا نام ریکارڈ بکس میں درج کرا لیا۔

کارٹر نے اپنی 22ویں ٹی20 اننگز میں پہلی نصف سنچری اسکور کی اور 29 گیندوں پر ناقابل شکست 70رنز کی اننگز کھیلی۔25سالہ بلے باز ٹی20 کرکٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے محض چوتھے بلے باز ہیں جہاں ان سے قبل یوراج سنگھ، روز وائٹلی اور حضرت اللہ زازئی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

اس کے علاقہ ویسٹ انڈیز کے سرگار فیلڈ سوبرز اور بھارت کے روی شاستری فرسٹ کلاس کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے کا اعزاز رکھتے ہیں جبکہ ہرشل گبز نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے واحد باؤلر ہیں۔

مزیدخبریں