کراچی :معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے ٹی وی میزبان و اینکر عامر لیاقت حسین کو تنقید کرنے پر کرارا جواب دے دیا۔
مہوش حیات نے عراق میں امریکی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کے معاملے پر اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا یقین نہیں آتا کہ سال 2020 میں قدم رکھے ہوئے ہمیں صرف 72 گھنٹے ہوئے ہیں اور دنیا جنگ کے دہانے پرکھڑی ہے۔
میرے خیال سے یہ تب ہوتا ہے جب آزاد دنیا کا لیڈر بین الاقوامی قوانین کا خیال کیے بغیر یکطرفہ فیصلے کرے۔ یہ صرف ایران اور امریکہ سے متعلق نہیں ، خدا ہماری حفاظت کرے۔
جواب میں عامر لیاقت نے ٹوئٹرپر ایک پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تمغہ امتیاز کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آئٹم گرل امتیازی بیانات دیں، انہیں پاکستان کی پالیسی کے ساتھ چلنا چاہئیے اور ویسے بھی قاسم سلیمانی اگر حیات ہوتے تو کیا ایران میں انہیں پرفارم کرنے بلاتے؟۔
اس طنز پر مہوش حیات نے کڑے الفاظ میں عامر لیاقت کو ان کا دعوی یاد دلاتے ہوئے لکھا یہ آئٹم گرل اپنا جمہوری حق استعمال کر رہی ہے جبکہ آپ صرف ذاتی عناد پر طعنے تشنے دینے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے، مرد بنیں۔
اس کیس کا کیا بنا جو آپ فلم لوڈ ویڈنگ کی بنا پر میرے خلاف فائل کرنے والے تھے؟ میں خوفزدہ ہوکر انتظار کررہی ہوں۔
مہوش حیات نے عامر لیاقت کو جو دعوی یاد دلایا اس کا پس منظر یہ ہے کہ سال 2019 میں یوم پاکستان کے موقع پر اداکارہ کو تمغہ امتیاز دیے جانے کے بعد عامر لیاقت نے ردعمل میں مہوش حیات اور فہد مصطفی سمیت فلم بنانے والوں کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔