امریکا میں ایک بار پھر مہلک شوٹنگ: تین افراد ہلاک، چار زخمی

امریکا میں ایک بار پھر مہلک شوٹنگ: تین افراد ہلاک، چار زخمی
کیپشن: image by twitter

لاس اینجلس :امریکی شہر  لاس اینجلس کے نواح میں اندھا دھند فائرنگ کے ایک تازہ واقعے میں تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہو گئے ،  پولیس کے مطابق یہ ہلاکت خیز شوٹنگ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ایک باؤلنگ کلب میں کی گئی۔

ٹورنس پولیس کے اہلکار رونلڈ ہیرس نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ شوٹنگ  رات نصف شب سے صرف چھ منٹ قبل شہر کے ’گیبل ہاؤس باؤل‘ نامی باؤلنگ کلب میں کی گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔

اس حملے کا نشانہ بننے والے تمام  ساتوں افراد مرد بتائے گئے ہیں، جن میں سے تین تو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ چند عینی شاہدین نے امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز کو بتایا کہ شوٹنگ سے قبل اس گیمنگ کلب میں موجود افراد کے مابین لڑائی بھی ہوئی تھی۔

اس خونریز واقعے کے بعد ٹورنس پولیس نے فوری طور پر ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں مقامی آبادی کو مشورہ دیا کہ لوگ احتیاطاﹰ اپنے گھروں میں ہی رہیں اور حالات بہتر ہو جانے تک باہر نہ نکلیں۔