اگر عمران خان کی شادی ہو گئی تو انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں : بلال بھٹو زرداری

11:48 PM, 6 Jan, 2018


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتقام کی سیاست(ن)لیگ کی سیاست کا حصہ ہے جس کیلئے نیب کا استعمال کیا جارہا ہے،مسلم لیگ (ن)نیب کے ذریعے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنارہی ہے، اگر عمران خان کی شادی ہوگئی ہے تو میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں، حکومت کے خلاف بغاوت میں پیپلزپارٹی کا کوئی کردار نہیں، آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر میدان میں اتریں گے۔


میڈیا سے بات کرتے ہوئے چئیرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نیب کے ذریعے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنارہی ہے، انتقام کی سیاست ان کا وطیرہ ہے لیکن ہم جھوٹے کیسز سے نہیں ڈرتے، ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے اور اگر یہ نہ ہوسکا تو یہ مسلم لیگ (ن)کی سب سے بڑی ناکامی ہوگی۔بلوچستان میں سیاسی صورتحال خراب ہے اور حکمران جماعت کے خلاف بغاوت شروع ہوچکی ہے جو قومی سطح پر جاتی دکھائی دے رہی ہے، اس صورت حال میں پیپلزپارٹی کا کوئی کردار نہیں کیوں کہ بلوچستان میں ہمارا ایک بھی ایم پی اے نہیں ہے تو وہاں ہمارا منفی سیاسی کردار کیسے ہوسکتا ہے۔


چئیرمین پی پی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر میدان میں اتریں گے، ہمارا سندھ میں ریکارڈ بہترین ہے، عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ہم (ن)لیگ کے خلاف الیکشن لڑنے جارہے ہیں۔عمران خان کی مبینہ شادی کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کی شادی ہوگئی ہے تو میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اگر معاملہ اس کے برعکس ہے تو پھر ایسی خبریں چلانا غیرذمہ دارانہ رویہ ہے۔

مزیدخبریں