کوٹ مومن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے کہا ہے کہ کوئی نااہل ہو کر بھی سرخرو اور کوئی اہل ہوکر بھی شرمندہ پھر رہا ہے، وہ جانتا ہے صداقت اور امانت کے پیچھے فکسڈ میچ ہے، نیت سزا دینے کی ہو تو پانامہ سے اقامہ نکل ہی آتا ہے، ذاتی کاروبار کی ہر چیز کھنگالی گئی کہیں سے کرپشن کا شائبہ تک نہیں ملا تو اقامہ نکال کر لے آئے، انشاء اللہ ایک دن پاناما کے بارے میں بھی اسی سپریم کورٹ سے یہی الفاظ سنیں گے جو حدیبیہ کیس میں کہے گئے ہیں، آج تک کسی عدالت کو اتنی ہمت نہیں ہوئی کہ آئین اور قانون پر شب خون مار نے والے مشرف کو بلایا جائے، کب تک انصاف کا ترازو جمہوریت کو کمزور کرنے کیلئے استعمال ہوگا، کب تک منتخب وزرائے اعظم کو گھر بھیجنے کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے گی؟ کب تک پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والے کو ضمانتیں دی جائیں گی، نوازشریف نے جان ہتھیلی پر رکھ کرعدلیہ کوبحال کرایا، اب وہی عدل بحال کرائیں گے۔
ہفتہ کو کوٹ مومن میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم شروع کردی ہے اور پہلی بارکسی جلسے میں میاں نواز شریف کے ساتھ آئی ہوں تاہم جہاں جہاں سے میاں صاحب گزرتے ہیں ہر جگہ ایک ہی نعرہ لگتا ہے کہ وی لو یو (ہم آپ سے محبت کرتے ہیں)۔ انہوں نے کہاکہ میاں صاحب سے پہلے یہ نعرے کبھی کسی لیڈر کے حصے میں نہیں آیا ۔ مریم نواز نے کہاکہ اس بات کا مجھے احساس ہے کہ میاں صاحب نے جب 2013میں سرگودھا کا انتخاب کیا تو عوام نے لاکھوں ووٹ ڈال کر میاں صاحب کی محبت کا جواب دیا ٗ آپ کے جذبہ اور محبت نے مخالفین کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے ٗ اسی محبت اور جذبے کے ڈر سے مخالفین کبھی ایک ادارے اور کبھی دوسرے ادار ے کے پیچھے پچھتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مخالفین جانتے ہیں پاکستان کے عوام نوازشریف سے محبت کرتے ہیں اسی ڈر کی وجہ سے کبھی انگلی کے پیچھے چھپتے ہیں اور کبھی سپریم کورٹ کے پیچھے پچھتے ہیں اور کبھی ایک دوسرے کے پیچھے چھپتے ہیں وہ آپ سے ڈرتے ہیں ۔مریم نواز نے کہاکہ کوئی نا اہل ہو کر بھی سرخرو ہے او ر کوئی اہل ہو کر بھی شرمندہ شرمندہ پھر رہا ہے ٗ وہ جانتا ہے کہ صداقت اور امانت کے پیچھے فکسڈ میچ ہے ٗکبھی اپنی صداقت اور امانت کی داستانیں سناتے ہیں ٗ کبھی ٹی وی پر آکر نیا جھوٹ بولتا ہے،کبھی کچھ کہتا ہے کبھی کچھ کہتا ہے لیکن وہ یہ نہیں دیکھ رہے ہیں جو آج میں دیکھ رہی ہوں ٗجو آپ دیکھ رہے ہیں، وہ آپ کے مخالفین کو نظرنہیں آرہا ہے۔
مریم نوازشریف نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہورہاہے ٗ 2013سے پہلے کے دن یاد ہیں ؟جب بیس بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوا کرتی تھی ٗ وہ دن یاد ہے جب ایک گھنٹہ بجلی آتی تھی اور ایک گھنٹہ جاتی تھی جس پر شرکاء نے جواب دیا یاد ہیں ۔مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کے اندر لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور ہوئے ہیں ٗکس نے دور کئے ہیں؟ کسی نے تو آپ کا سوچا ہے ٗ کسی نے سازشوں کے باوجود ٗدھرنوں کے باوجود ٗلانگ مارچ کے باوجود دن رات آپ کیلئے بجلی کے کارخانے لگائے ہیں اور ایسے کام کرنے کیلئے خون پسینہ دینا پڑتا ہے ۔
مریم نواز نے کہا کہ کسی کو یاد ہے کہ 2013سے پہلے کا کراچی کیا ہوتا تھا ٗ کراچی کی ہر گلی پر قتل وغارت ہوتی تھی ٗ پاکستان کے اندر دہشتگردی کا گھیرا تھا ٗ ہر شہر سے بارود کی بو آتی تھی ٗآج دہشتگردی ختم ہورہی ہے ۔ مریم نواز نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اگر پاکستان سے دہشتگردی جیسی لعنت کا خاتمہ ہوا تو کس نے کیا ؟2013میں لوڈشیڈنگ ٗ دہشتگردی پاکستان کا مقدر تھی ٗسرمایہ کارملک سے بھاگ رہے تھے ٗ کارخانے بند ہورہے تھے ٗ روز گار چھینا جارہا تھا ۔
مریم نواز نے کہاکہ 2013میں نوازشریف آیا اور آپ کی آنکھوں نے دیکھا جو جو وعدہ کیا اس نے اپنا وعدہ پورا کر کے دکھایا ۔مریم نواز نے کہا کہ دہشتگردی کو ایک بار پھر شکست ہوئی اور پاکستان کی سر زمین ایک بار پھر شادو آباد نظر آئی ٗ دنیا نے پاکستان کی طرف دیکھنا شروع کیا ۔ اس موقع پر مریم نواز نے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا گواہی دیتے ہو کہ نوازشریف نے چار سال میں ایک ایک وعدہ پورا کیا ؟ کیا گواہی دیتے ہوکہ نوازشریف وعدے پورے کر نے والا شخص ہے جس پر شرکاء نے ہاں میں جواب دیا ۔
مریم نواز نے کہاکہ ہر سروے بتا رہا تھا کہ نوارشریف اگلا انتخاب بھی جیت جائیں گے ٗ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جتنے انتخابات ہوئے کیا مسلم لیگ نواز کو فتح ہوئی یا نہیں ہوئی ؟ جس پر شرکاء نے کہا ہوئی ہے ۔مریم نواز نے کہاکہ مخالفین پاکستان کی ترقی کو دیکھ کر خوفزدہ ہیں ٗعوامی رائے کے مقابلے میں ایک بار پھر پانامہ جیسا مذاق بنایا گیا ٗ پانامہ کے نام پر تین نسلوں کا بار بار حساب کتاب ہوا ٗ ذاتی کاروبارکی ہر چیز کھنگالی گئی ہے جب اللہ کے فضل و کرم سے ایک پائی ثابت نہ ہوئی نہ اقامہ نکال لیا ۔
مریم نواز نے کہا کہ اقامہ ویزا ہوتا ہے ٗ یہ مذاق پاکستان کے عوامکےساتھ ہوا ہے ٗ جس شخص نے فیصلہ سنا حیرت سے دانتوں میں انگلیاں دبا لیں ۔انہوں نے کہاکہ نیت سزا دینے کی ہو تو پاناما میں سے اقامہ نکل آتا ہے ۔مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے حدیبیہ فیصلہ میں لکھاگیاکہ یہ شریف خاندان پر دباؤ ڈالنے کیلئے استعمال ہوا ٗ فتح حق اور سچ کی ہوتی ہے ٗ انشاء اللہ عنقریب اسی سپریم کورٹ سے پاناما کے حوالے سے بھی یہی الفاظ سنیں گے ۔
مریم نواز نے کہاکہ کہتے ہیں نوازشریف کررہا ہے ٗ این آر او کون کررہا ہے ؟عدالت میں کہتے ہیں ہاں آف شور کمپنی میری ہے لیکن جج کہتے ہیں کہ کمپنی آپ کی نہیں ہے ٗفلیٹ آپ کا نہیں اوراسے صادق امین کہتے ہیں۔ مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف کی بیٹی کبھی اقتدار میں نہیں رہی ٗ اس کا کیس نیب میں بھیجا جاتا ہے مگرجہانگیر ترین رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اسے نا اہل قرار دیکر گھر بھیج دیا جاتا ہے ٗنہ نیب کا مقدمہ بنتا ہے نہ کوئی نگران جج بٹھایا جاتا ہے ۔
مریم نواز نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ آج تک کسی عدالت کو اتنی ہمت نہیں ہوئی کہ جس ڈکٹیٹر نے قانون اور آئین کا تماشا بنا کر رکھ دیا ہو ٗ جس مشرف نے آئین و قانون پر شب خون مارا ہو اسے بھی اپنی عدالت میں بلا سکے ٗ کب تک انصاف کا ترازو جمہوریت کو کمزور کر نے کیلئے استعمال ہوتا رہے گا ٗ سازشی مہرے جن کو عدالتوں کے کٹہرے میں ہونا چاہیے تھا کب تک عدالتوں کے ترجمان بنے رہیں گے ٗ کب تک منتخب وزرائے اعظم کو گھر بھیجا جائیگا ٗکب تک وزیر اعظم ہاؤس پر حملے کر نے والوں کو ضمانتیں دی جائیں گی ٗ کب تک آپ کے ووٹوں سے منتخب ہونے والا وزیر اعظم کو وٹس ایپ کال کے ذریعے بنائی گئی جے آئی ٹی کی رپورٹ پر گھر بھیجا جائیگا ۔
مریم نواز نے کہاکہ اسی نوازشریف نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عدلیہ کو بحال کرایا تھا اب اللہ کی مدد اور آپ کے جذبے کے ساتھ نوازشریف عدل بھی بحال کرائیگا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف پنے آپ کو مشکل میں ڈال کر آپ کے ووٹ کے تقدس کی جنگ لڑنے کیلئے نکلا ہے ٗ نوازشریف کی عدل کی بحالی کی جدوجہد میں ساتھ دیں گے تو انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب عدل بھی بحال ہوگا۔