ممبئی:بھارتی اخبار کو اپنی ہی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے کالے کرتوت بے نقاب کرنا منہگا پڑ ھ گیا۔کلبھو شن کے معاملے پر سچ بولنے پر مودی سرکار کو نہ صرف مرچیں لگ گئیں بلکہ اخبار پر دباؤ ڈال کر خبر ہٹوا دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرفیصل کے مطابق کچا چٹھا کھولنے والے صحافی کو بھی لاپتہ کر دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرفیصل نے ٹوئٹ میں کہا کہ کلبھوشن یادیو بھارتی ایجنڈ تھا ، پاکستان میں دہشت گرد کاروائیوں میں معاون کا کردار ادا کرتا رہا، بھارتی اخبار نے خفیہ ایجنسی ’را ‘ اور مودی سرکار کے کالے کرتوت بے نقاب کر دئے ہیں ،سچ افسانے سے کہیں زیادہ عجیب نکلا ہے۔
بھارت کے ایک نجی اخبار نے انکشاف کیا کہ ’’را‘‘ کے دو سابق سربراہوں نے کلبھوشن کو ایجنٹ بنانے سے انکار کیا تھا لیکن’’را‘کے سربراہ نے چارج سنبھالنے کے بعد کلبھوشن کو ایجنٹ بنالیا۔اخبار کے مطابق کلبھوشن یادیو کو 2008ء میں بھرتی کیا گیا۔جس کے بعد کلبھوشن یادیو کو عارضی بنیادوں پر ایجنسی کا حصہ بنانے کی سمری پاکستان ڈیسک پر تعینات آفیسر نے تیار کی۔ایران اور افغانستان ڈیسک نے بھی کلبھوشن یادیو کی ’’را‘‘ میں انٹری پر مکمل مدد کی۔
بھارتی جاسوس کو تین ماہ کی تربیت میں جاسوسی کی معلومات پہنچانے کا ماہر بنایا گیا اورکلبھوشن یادیو کو ریکروٹ کرنے کی منظوری جوائنٹ سیکریٹری نے دی جو سپروائزری آفیسر کے طور پر کام کر رہا تھا۔
کلبھوشن یادیو جب بھی بلوچستان کے دورے سے بھارت جاتا تو اس کی ڈی بریفنگ کی جاتی۔کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پر را کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس کے والدین کو دھمکیاں دیں اور کسی سے بھی بات نہ کرنے کا پابند کیا۔ایجنٹ کی گرفتاری کے ساتھ ہی ’’را‘‘ نے اس کو بھیجی گئی رقوم کی تفصیلات ضائع کر دیں اور اس کا ریکارڈ ختم کردیا گیا۔