لندن:برطانوی شہزادے ہیری کی منگیتر اداکارہ میگھن مارکل کے حوالے سے بری خبر آگئی،اداکارہ کی ہونیوالی بھابھی کو ان کے بھائی کو زدوکوب کرنے پر جیل کی ہوا کھانا پڑگئی۔برطانوی جریدے ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 37 سالہ ڈیرلین بلاﺅنٹ کو میگھن مارکل کے بھائی تھامس جونیئر کو نشے میں دھت ہوکر مارنے پیٹنے کی وجہ سے گرفتار کرلیا گیا ۔
یہ واقعہ نئے سال کی رات کو پیش آیا جب جوزفائن کنٹری کی جیل میں تھامس مارکل کی منگیتر کو فورتھ ڈگری حملہ کرنے پر رکھا گیا اور 30 گھنٹے پولیس کی حراست میں گذارنے کے بعد بلاﺅنٹ کو رہا کردیا گیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل 51 سالہ تھامس کو گزشتہ سال جنوری میں اپنی منگیتر کو مارنے کی دھمکی اور سر پر پستول رکھنے کے الزامات کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا ،مگر بعد میں کچھ بھی ثابت نہ ہونے کی وجہ سے اسے رہا کردیا گیا۔
واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ہیری اور اداکارہ میگھن مارکل نے گزشتہ سال منگنی کی تھی اور ممکنہ طور پر وہ رواں سال شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔