بچے اسکول کے لیے نکلے، سیدھا جنت چلے گئے،لودھراں میں ایک اور ٹرین حادثہ

12:42 PM, 6 Jan, 2017

نیوویب ڈیسک

لودھراں: بچے اسکول کے لیے نکلے، موت نگل گئی ۔اسکول کے بچوں سے بھرے 2رکشے جلال پور روڈ پر ریلوے پھاٹک سے گزر رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس کی زد میں آگئے اور ٹرین سے ٹکرا گئے، اندوہانک حادثے میں ڈرائیور سمیت چھ بچے شہید، جبکہ دس زخمی ہوئے۔لاشوں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے،جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ریلوے ترجمان کے مطابق حادثہ پھاٹک کھلا ہونے کی وجہ سے پیش آیا، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

کسی ماں کی گود اجڑی تو کسی باپ کا سہارا چھن گیا ،لودھر اں میں کھلے پھاٹک نے ،ہنستے بستے گھرانوں میں صف ماتم بچھا دی 

عینی شاہدین کے مطابق ریلوے پھاٹک کھلا ہوا تھا حویلیاں سے کراچی جانے والی ہزارہ ایکسپریس جیسے ہی وہاں پہنچی تو دونوں رکشے اس کی زد میں آگئے۔ٹرین کی ٹکر سے دونوں رکشے کچلے گئے اور  ہر طرف بچوں کی چیخ وپکار شروع ہوگئی۔اہل علاقہ اور ریسیکوٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی بچوں اور لاشوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا ،جہاں بعض بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ترجمان ریلوے نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ ریلوے پھاٹک کھلاہونے کے باعث پیش آیا ، جس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ذمہ داران کو سخت سزاد ی جائے گی  جبکہ ذرائع کاکہنا ہے کہ حادثے کے وقت پھاٹک پر کوئی گارڈ یا گیٹ کیپر بھی ڈیوٹی پر موجود نہ تھا ۔

مزیدخبریں