اسلام آباد : پاکستان نے فلسطینیوں کی سرزمین سے منتقلی کو مسترد کرتے ہوئے اس کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ فلسطینیوں کو کہیں اور بھیجنا قابل قبول نہیں ہے کیونکہ فلسطین، فلسطینیوں کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کا حامی ہے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔ انہوں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امدادی سامان کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
شفقت علی خان نے اسرائیل کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کاموں کو روکنا معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اسرائیلی مظالم پر خاموشی توڑنے اور سیز فائر معاہدے پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ صدر آصف زرداری نے اپنے دورہ چین کے دوران پاکستان کی ون چائنہ پالیسی کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علاقائی توازن پر بھی زور دیا۔
شفقت علی خان نے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی غیر قانونی نہیں ہے اور پاکستان افغان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے۔
ترجمان نے بتایا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ابتدائی مراحل میں بات چیت جاری ہے، اور اس حوالے سے جلد تفصیلی نقاب کشائی کی جائے گی۔ پاکستان شام میں امن اور استحکام کی حمایت کرتا ہے اور وہاں سے بے یقینی کے خاتمے کا خواہاں ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ جرمنی میں سفارت خانے پر حملہ اور قومی پرچم کی بے حرمتی ایک حساس مسئلہ ہے، جس سے پاکستانیوں کے جذبات متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی میں ہمارے سفارت خانے کی حفاظت جرمن وزارت خارجہ کی ذمہ داری تھی اور اس حوالے سے جرمن حکومت سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی حکومت کے مؤقف کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ "کشمیر بنے گا پاکستان۔"عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے عافیہ صدیقی کی رحم کی اپیل کی درخواست بند کر دی ہے، تاہم وہ مستقبل میں دوبارہ درخواست دے سکتی ہیں۔