لاہور: نگران پنجاب حکومت نےمستقبل کے معماروں کیلئے100 فیصد مفت کتابیں کی سہولت ختم کر دی۔
نیو نیوز کے مطابق جماعت ششم سے دہم تک پچاس فی صد مفت کتابوں کی سہولت ختم کر دی گئی جس کے بعد جماعت ششم سے جماعت دہم تک کی صرف 50 فیصد کتابیں چھاپی جائیں گی۔
جماعت چہارم اور پنجم کے طالب علموں کی 20 فیصد مفت کتابوں کی سہولت ختم کر دی جس کے بعد 80 فیصد درسی کتب چھاپی جائیں گی۔
صرف نرسری سے جماعت سوئم تک بچے صد فیصد مفت کتابوں سے مستفید ہونگے جبکہ باقی کتابیں طلبہ بک بینک سے حاصل کریں گے۔
نیو نیوز کے مطابق درسی کتابوں سے محروم ہو جانے والے بچوں کو کتب کیلئے صرف 10 سے 20 ہزار روپے تک دیئے جائیں گے ۔سکول کونسلز یہ پیسےاضافی کتابوں کی خریداری کیلئے خرچ کریں گی۔
نگران پنجاب حکومت نے سرکاری سکولوں میں درسی کتابوں میں بچت کیلئے اقدامات کی منظوری دی، درسی کتب کا سائز چھوٹا کرنے، رنگین درسی کتب اور عملی امتحانات کی کاپیاں فراہم نہ کرنے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
درسی کتب کی طباعت کم معیاری ری سائیکل شدہ کاغذ پر ہوگی۔