پولیس کا گجرات میں چوہدری پرویز الٰہی کے گھر چھاپہ، گرفتاری کے بغیر واپس لوٹ گئی

11:55 PM, 6 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

گجرات: پولیس نے گجرات میں چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپہ مارا اور اہلکار سابق وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ میں داخل ہو گئے تاہم انہیں گرفتار کئے بغیر ہی واپس چلے گئے۔ 
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان کی رہائش گاہ کا محاصرہ کر لیا، چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں محمد خان بھٹی کے گھر کا بھی پولیس نے محاصرہ کر لیا تاہم انہیں سندھ کے علاقے مٹیاری سے حراست میں لیا گیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ محمد خان بھٹی حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ جا رہے تھے، ایس ایس پی حیدرآباد کی نگرانی میں محمد خان بھٹی کو سندھ پولیس نے حراست میں لیا اور اس کیساتھ ہی انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے محمد خان بھٹی کو بھی لاپتہ نہ کر دیا جائے، سندھ سے پنجاب کے رہنماؤں کو لاپتہ کر کے کیا پیغام دیا جا رہا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ، سندھ انتظامیہ کو خبردار کرتے ہیں، ایسے واقعات صوبوں میں نفرت کا باعث بنیں گے، وزیراعلیٰ سندھ اس لاقانونیت کا فوری نوٹس لیں، یقین ہے وزیراعلیٰ سندھ ایسے اقدام کا راستہ روکیں گے جس سے صوبوں میں بے چینی پھیلے۔
دوسری جانب مونس الٰہی نے پنجاب پولیس کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر پولیس کے چھاپے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پولیس، ایف آئی اے اور دیگر نے دوبارہ گجرات میں کنجاہ ہاؤس پر چھاپہ مارا، ہمارے گھروں پر چھاپے مارنے سے تم سمجھتے ہو، کہ ہم عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیں گے، دوبارہ سوچو۔ 


بعد ازاں پرویز الٰہی کے گھر کا محاصرہ کرنے والی پولیس ٹیم واپس روانہ ہو گئی، پولیس کے چھاپے کے وقت رہائش گاہ پر چوہدری فیملی کا کوئی فرد موجود نہیں تھا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی لاہور کی رہائش گاہ پر موجود ہیں جبکہ مونس الٰہی بیرون ملک ہیں۔ 

مزیدخبریں