اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے توہین آمیز اور غیر قانونی مواد نہ ہٹانے کی وجہ سے پاکستان میں بلاک آن لائن انسائیکلو پیڈیا وکی پیڈیا پر عائد پابندی فوری ہٹانے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 3 رکنی وزارتی کمیٹی کی سفارش پر وزیراعظم نے وکی پیڈیا کی سروس فوری بحال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تین رکنی کمیٹی وزیر قانون، وزیر اقتصادی امور اور وزیر اطلاعات پر مشتمل تھی جبکہ وزیراعظم نے وکی پیڈیا پر سے پابندی فوری ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملے پر 5 رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزارت آئی ٹی کابینہ کمیٹی کی معاونت کرے گی، وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کمیٹی کی صدارت کریں گے، کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن (پی ٹی اے) نے انتباہ کے باوجود توہین آمیز اور غیر قانونی مواد نہ ہٹانے پر وکی پیڈیا کو 48 گھنٹے کیلئے ڈی گریڈ کرنے کے بعد اس کی سروسز پاکستان میں مستقل طور پر بلاک کر دی تھیں۔
وکی پیڈیا کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا تھا امید ہے کہ حکومت پاکستان جلد پابندی ہٹا دے گی اور معلومات سب انسانوں کیلئے کے ہمارے مقصد میں بھرپور تعاون کرے گی۔
وزیراعظم نے وکی پیڈیا پر عائد پابندی فوری ہٹانے کی ہدایت کر دی
11:13 PM, 6 Feb, 2023