اسلام آباد: آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کا مقام تبدیل کر دیا گیا ہے جو اب 9 فروری کو صبح 11 بجے وزیراعظم آفس کے بجائے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس کا مقام اور تاریخ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مطالبے پر تبدیل کی گئی ہے جو اب پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں ہو گی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں دہشت گردی کے مسئلے کے حل اور معاشی مسائل شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاءکو عسکری قیادت دہشت گردی کی حالیہ لہر پر بریفنگ دے گی جبکہ افغانستان اور دیگر ممالک سے رابطوں پر سیکرٹری خارجہ بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں درپیش چیلنجز کیلئے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر نظرثانی بھی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کانفرنس میں حکومت معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے اکنامک روڈمیپ پیش کرے گی اور اس حوالے سے معاشی ورکنگ پیپر بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کانفرنس کے شرکاءکو انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے مذاکرات پر اعتماد میں لے گی۔
آل پارٹیز کانفرنس کا مقام اور وقت تبدیل کر دیا گیا
08:12 PM, 6 Feb, 2023