اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کرکے زلزلے سے ہونے والی تباہی پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ترک صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں، غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے برادر ملک ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ ہے، زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیہ کی حکومت اور عوام سے بھرپور تعاون کریں گے۔
پاکستانی ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس اور ریسکیو اہلکاروں پر مبنی خصوصی ٹیمیں ترکیہ میں جاری ریسکیو اور مدد کے کاموں میں ہاتھ بٹانے کیلئے بھیجی جا رہی ہیں۔ بہت جلد ایک ہوائی جہاز بھی اشیاءِ ضروریہ اور ادویات لے کر ترکیہ رانہ کر دیا جائے گا۔ https://t.co/SyZbVd25NI
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) February 6, 2023
ترک صدر نے ٹیلی فون اور حمایت کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آپ کے اور پاکستانی عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ ترکیہ اور شام میں آج صبح آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اب تک 1500 سے زائد اموات رپورٹ ہو چکی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں افراد زخمی ہیں۔