ٹک ٹاک کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں لانے کا اعلان

06:21 PM, 6 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

بیجنگ: ٹک ٹاک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں لانے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق ان تبدیلیوں کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو صارفین کے لیے محفوظ اور تفریح کا ذریعہ بنانا ہے۔ ٹک ٹاک کی جانب سے ایپ کے اصول و ضوابط کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف اقدامات کو تیز کیا جائے گا جبکہ فار یو نامی الگورتھم فیڈ کے لیے بھی چند نئے فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔

کمپنی نے کہا کہ اصول و ضوابط کی بار بار خلاف ورزی کرنے والے صارفین کا ایک مخصوص رجحان ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹک ٹاک نے یوٹیوب جیسے اسٹرائیک سسٹم کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس نئے نظام کے تحت کسی صارف کی کوئی ویڈیو رپورٹ ہوتی ہے اور اصول و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہو جاتی ہے تو مذکورہ اکاؤنٹ پر ایک اسٹرائیک کا اطلاق ہوگا جس کے تحت مواد ڈیلیٹ کر دیا جائے گا۔

اگر کسی پراڈکٹ فیچر (جیسے کمنٹس یا ٹک ٹاک لائیو) یا پالیسی (ہراساں کرنے یا دیگر) کی خلاف ورزی پر دی جانے والی اسٹرائیکس کی تعداد طے شدہ حد سے زیادہ ہو جاتی ہے تو صارف کا اکاؤنٹ ہمیشہ کے لیے بین ہوسکتا ہے۔

کمپنی نے کہا کہ اسٹرائیکس کی طے شدہ حد کا انحصار خلاف ورزیوں کی نوعیت اور ایپ استعمال کرنے والے افراد کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان پر ہوگا۔

کمپنی کے مطابق سنگین خلاف ورزیوں پر مبنی مواد جیسے تشدد کو فروغ دینے والی ویڈیوز، بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی مواد یا حقیقی دنیا کے تشدد کو دکھانے پر اکاؤنٹ کو ہمیشہ کے لیے بین کیا جائے گا۔

اکاؤنٹ کے ریکارڈ سے اسٹرائیکس 90 دنوں کے بعد ختم ہو جائیں گی مگر پالیسیوں اور فیچرز کی بہت زیادہ خلاف ورزیوں پر اسٹرائیکس کو ختم کرنے کی بجائے اکاؤنٹ کو ہمیشہ کے لیے پابندی کا سامنا کرنا ہوگا۔

ٹک ٹاک نے یہ وضاحت نہیں کی کہ خلاف ورزیوں کی کتنی تعداد زیادہ تصور کی جائے گی۔

ٹک ٹاک کی جانب سے ایک نئے فیچر کی آزمائش بھی محدود ممالک میں کی جا رہی ہے جس سے صارفین کو علم ہوسکے گا کہ ان کی کونسی ویڈیوز فار یو فیڈ کے لیے اہل نہیں اور اس کی وجہ کیا ہے۔

مزیدخبریں