لاہور : سابق وزیر اعظم عمران خان کے سابق چیف آف سٹاف اور قریبی ساتھ شہباز گل نے اعلان کیا ہے کہ مجھ پر اچھا وقت آنے دیں پی ٹی آئی کے آستین کے سانپوں کو عوام کے سامنے جوتے ماروں گا۔
عبوری ضمانت کے لیے شہباز گل آج بھی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر اکیلے آئے ۔ شہباز گل نے گزشتہ روز قیادت سے شکوہ کیا تھا کہ عدالتوں میں پیشی کے موقع پر ساتھ کوئی نہیں آتا۔
پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے شہباز گل نے کہا کہ تحریک انصاف مین آستین کے سانپ کو پکڑ کر عوام کے سامنے جوتے ماروں گا صرف اچھا وقت آنے دیں ۔ ہماری پارٹی نے مریم اورنگزیب کے بیان کا ٹھوس جواب نہیں دیا جس کا دکھ ہے ۔ مجھے کیسز میں الجھانے کا مقصد یہ ہے کہ عمران خان کا دفاع نہ کرسکوں۔
شہباز گل نے کہا کہ کہا گیا میں رویا تھا ۔ ایسا نہیں بلکہ میں سانس کے لیے ماسک مانگ رہا تھا۔ مجھے عدالت لانے سے پہلے کوئی انجکشن لگایا گیا جس کی وجہ سے ہوش میں نہیں تھا۔ ان سے پوچھا گیا کہ آپ کے رہنما نے چند روز قبل خود کو نیلسن مینڈیلا سے تشبیہ دی اس پر شہباز گل کا کہنا تھا کہ جیسی قوم ہے اس کو نیلسن مینڈیلا بھی ایسا ہی ملنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شبہاز گل نے ٹویٹ کیا تھا کہ کل صبح 9 بجے لاہور ہائیکورٹ میں جناب جسٹس طارق سلیم شیخ صاحب کی عدالت میں اپنی عبوری ضمانت میں پیش ہو رہا ہوں۔نیا مقدمہ ہے ابھی تک مجھے ایف آئی آر نہیں مل رہی ۔ خان صاحب کی ہدایت کے باوجود ہمارے لوکل لیڈران تاریخوں پر آنے کی زحمت نہیں کرتے۔ ایسے معلوم ہوتا ہے جیسے کوئی میرا ذاتی مقدمہ ہو۔
شہباز گل نے کہا تھا کہ خان صاحب کی آخری تقریر میں میرا ذکر اور سوشل میڈیا پر موجود دوستوں کی بے پناہ محبت سے پچھلے 2 دن سے کچھ آستین کے سانپ بہت پریشان ہیں۔ آستین کے سانپوں نے مشہور کر رکھا تھا کہ شہباز گل کو فارغ کر دیا گیا ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ بہت زخم ہیں پھر سہی! بے شک عزت ذلت اللہ دیتا ہے۔ خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔