فیصل آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور شریف خاندان نے جو کیا وہ ہم نہیں کر سکتے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نعرہ لگوایا کرتی تھی عمران زرداری بھائی بھائی اور پھر کل ن لیگ اور پیپلز پارٹی والوں کی ملاقات ہوئی۔ آصف زرداری، بلاول بھٹو، حمزہ شہباز اور مریم صفدر سب بیٹھے ہوئے تھے جبکہ خواجہ سعد رفیق اور دیگر لوگ بھی تھے لیکن انہیں فریم سے کاٹ دیا گیا۔ سعد رفیق کا سیاسی قد مریم صفدر سے زیادہ بڑا ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 2 ورلڈ کلاس یونیورسٹیاں بنائی ہیں جبکہ ہم غریب اور مزدور طبقے کی تنخواہ میں اضافے پر توجہ دے رہے ہیں لیکن جس طرح غریب کی مدد نواز شریف اور آصف زرداری نے کی اس طرح ہم نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں انہوں نے 4 ارب روپے ڈال دیئے۔ آصف زرداری نے سموسے اور پاپڑ والے کی غربت ختم کی لیکن یہ ان غریبوں کے اکاؤنٹ میں یہ پیسے رہنے دیتے لیکن یہ لوگ اگلے دن ہی پیسے نکال دیتے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ جس کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے ڈالتے ہو اس میں ایک 2 لاکھ روپے تو چھوڑو۔ تمہارے ببلو 17 سال کے عمر میں ارب پتی ہو گئے لیکن عمران خان نے غریب کی مدد کی ہے اور وہ کسی کو ارب پتی نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور شریف خاندان نے جو کیا وہ ہم نہیں کر سکتے۔ ہمارے لوگ آپ سے رابطے میں اور آپ کے لوگ ہمارے زیر اثر ہیں۔ آپ سیون اپ کی بوتل میں جو مرضی ڈالیں دونوں ٹبر کرپٹ ہیں۔