نصیر آباد: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے آپ کے ووٹ اور آپ کے پیٹ پر ڈاکا ڈالا ہے ۔ ہم برداشت نہیں کرسکتے ۔ حساب کا وقت آچکا ۔ عمران خان کو جمہوری طریقے سے ہٹائیں گے۔
بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سے آپ کا اعتماد اٹھ چکا ہے ۔سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے ہٹائیں گے۔ اب سلیکٹڈ کے گھبرانے اور حساب دینے کا وقت آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27فروری کو اسلام آباد کیلئے کراچی سے نکلیں گے۔ جب سکھر پہنچوں گا تو بلوچستان کے عوام میرےساتھ ہوں گے۔ پھر پنجاب سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔ عوام کی مدد سے سلیکٹڈ حکومت کو آئینی طریقےسےگھربھیجیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے مل کر بھرپور جدوجہد کریں۔عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے،پارلیمان کا اعتماد اٹھنا چاہئے۔مساوات کا نظام ہمارانظام ہے۔ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں شفاف الیکشن سےنمائندے منتخب ہوں گے تو ہمیں حقوق ملیں گے۔ ہم وفاق پرست ہیں،جب تمام صوبوں کو حقوق ملیں گے تو وفاق مضبوط ہوگا۔ہم بندوق سے نہیں ووٹ کی طاقت سےلڑائی لڑتے ہیں۔ بلوچستان کےنوجوانوں سے کہتا ہوں میں بھی ناراض ہوں،بہت سے مسائل برداشت کئے۔ بلوچستان کے عوام کی اکثریت محب وطن اور بہادر ہے۔