ہتک عزت کا کیس ابھی چلنا شروع ہوا ہے: شہزاد اکبر

03:50 PM, 6 Feb, 2021

اسلام آباد: مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے ہتک عزت کیس سے متعلق سماعت ہوئی، ایک چینل نے تو خبر چلا دی کہ شہباز شریف کیس جیت گئے ، چھوٹی اور بڑی مریم کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ مجھ پر اور وزیراعظم پر بھی مقدمہ کریں گے ، شہباز شریف اپنے وعدے میں 75 فیصد ٹھس ہوگئے۔ شہباز شریف نے صرف ڈیلی میل پر کیس دائر کیا ، شہباز شریف نے ڈیلی میل کے ڈیوڈ روز پر مقدمہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کیس جیتنا دور، شہباز شریف کو لینے کے دینے پڑگئے ہیں۔ جج نے کہا آرٹیکل میں لکھا ہے شہباز شریف فیملی کرپشن میں ملوث ہے ، جج نے کہا اگر یہ غلط ہوا تو ہتک عزت ہوسکتی ہے۔

مشیر داخلہ نے کہا کہ کیس ابھی چلنا شروع ہوا ہے ، یہ جیت کیسے گئے؟ کیس کے اگلے مرحلے میں ڈیلی میل کو شواہد پیش کرنے کا کہا جائے گا، ڈیلی میل سے آرٹیکل سے متعلق شواہد مانگے جائیں گے، سات ارب سے متعلق شواہد طلب کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاثر دیا گیا شہباز شریف ڈیلی میل کیخلاف ہتک عزت کا کیس جیت گئے ، واضح کردوں یہ میننگ ہیئرنگ ہے اس کے بعد ٹرائل ہوگا، شہباز شریف کے بیٹے اسی کیس میں سپریم کورٹ میں منہ کی کھا چکے ہیں، ان کی کرپشن پر اب لندن کی عدالت سے بھی مہر لگے گی۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف اگر ہم پر کیس کرتے تو شواہد سمیت وہاں جا کر کرارا جواب دیتے، اسٹوری میں جتنا لکھا تھا اس سے زیادہ ریفرنس میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ منظور پاپڑ والے جیسوں کے نام پر منی لانڈرنگ کی گئی، منی لانڈرنگ کے پیسے سے نواز شریف نے جائیدادیں خریدیں۔

مشیر داخلہ نے کہا کہ کیس میں 3 ملزمان پلی بارگین کرچکے اور گواہ بن چکے ہیں، چاچو شہباز نے کرپشن کی ہے تو بھگتنا پڑے گا، جو آپ بھگت رہے ہیں۔

مزیدخبریں