سعودی عرب نے پاکستانی حجاج کا حج کوٹہ بڑھا کر ایک لاکھ 84 ہزار 210 کردیا

سعودی عرب نے پاکستانی حجاج کا حج کوٹہ بڑھا کر ایک لاکھ 84 ہزار 210 کردیا

اسلام آباد :سعودی وزارت حج نے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار 210سے بڑھا کر ایک لاکھ 84ہزار 210 کرنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے، پاکستانی وزارت مذہبی امور نے حج 2018 کے حوالے سے عملی اقدامات کاآغاز کردیا ہے،حج معلومات کے حوالے سے میٹریل کی تیاری کے لئے ٹینڈر جاری کردیئے ہیں جن میں حاجیوں کی ویکسینیشن، راہنمائے حج کتابچہ، سی ڈیز، احرام ، ٹریول بیگز، گلے میں لٹکانے والے کارڈز سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔


تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے حالیہ دورے کے دوران سعودی وزارت حج سے ان کی حج معاہدے کے حوالے سے ہونے والی بات چیت میں یہ بات بھی خاص طور پر قابل ذکر آئی کہ گزشتہ سال سعودی عرب نے پاکستان کو 5ہزار کا اضافی کوٹے دینے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر اب تک عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پر سعودی حکام نے وزیر مذہبی امور کو یقین دلایا ہے کہ رواں سال پاکستان کے حج کوٹے میں 5ہزار کا اضافہ کردیا جائے گا تاہم ابھی تک تحریری طورپر سعودی وزارت حج سے وزارت مذہبی امور کو کوئی باضابطہ خط موصول نہیں ہوا۔


توقع کی جا رہی ہے کہ رواں سال سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے حج کوٹے میں اضافہ کردیاجائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حج کوٹے میں اضافہ کردیا گیا تو یہ پرائیویٹ ٹورر آپریٹرز میں تقسیم کیا جائے گا کیونکہ حج پالیسی میں اس حوالے سے اعلان کیا جا چکا ہے۔ دوسری جانب پاکستانی وزارت مذہبی امور نے حج 2018 کے حوالے سے عملی اقدامات کاآغاز کردیا ہے تاہم حج قرعہ اندازی میں مزید تاخیر ہوئی تو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستانی حجاج ٹرین کی سہولت اور اچھی قیام گاہوں سے محروم رہ جائیں گے۔