زرداری گھٹیا گفتگو میں عمران پر بھی بازی لے گئے : رانا ثنا اللہ

05:37 PM, 6 Feb, 2018


لاہور : وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری گھٹیاگفتگو کرنے میں عمران خان پر بھی بازی لے گئے،آصف زرداری نے بلوچستان میں حکومت گرانے کا جو اعتراف کیا ان کے گلے پڑے گا، مریم نواز اور حمزہ شہباز دونوں مسلم لیگ (ن) کے مستقبل ہیں، شہباز شریف پنجاب میں ترقی کا ایجنڈا چلا رہے ہیں۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز شریف خاندان کے چشم و چراغ ہیں، مریم نواز اور حمزہ شہباز دونوں مسلم لیگ (ن) کا مستقبل ہیں، مستقبل میں صلاحیتوں کے مطابق مریم اور حمزہ کو فرائض سونپے جائیں گے، مریم نواز کا سیاست میں حصہ لینا کوئی غیر معمولی بات نہیں، شہباز شریف کا وزیراعظم کیلئے نامزدگی کا فیصلہ موجود ہے، 28جولائی فیصلے کے بعد نواز شریف نے شہباز شریف کا بطور وزیراعظم نام سامنے رکھا، شہباز شریف پنجاب میں ترقی کا ایجنڈا چلا رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کی پارٹی کی سیاسی اوقات سب کے سامنے آ چکی ہے، آصف زرداری گھٹیا گفتگو کرنے میں عمران خان پر بھی بازی لے گئے، آصف زرداری نے نواز شریف سے متعلق گھٹیا الفاظ استعمال کئے، پیپلز پارٹی کا رویہ جمہوری طور پر درست نہیں، آصف زرداری نے بلوچستان میں حکومت گرانے کا جو اعتراف کیا ان کے گلے پڑے گا۔

مزیدخبریں