سعودی وزارت محنت و سماجی ترقی نے سعودی کفیلوں کیلئے نیا حکم نامہ جا ری کر دیا

11:03 AM, 6 Feb, 2018

ریاض: سعودی عرب میں ہزاروں پاکستانیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی یا تاخیر سے ادائیگی کا مسئلہ درپیش ہے۔ کچھ کے مسائل تو حل ہو گئے لیکن بہت سے ابھی بھی اس مصیبت میں گرفتار ہیں۔ اس ضمن میں ایک اچھی خبر یہ ہے کہ اب سعودی حکومت نے ملازمین کی تنخواہ پیشگی ادا کرنے کا طریقہ کار متعارف کروا دیا ہے، جس کا اطلاق بتدریج جاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت محنت و سماجی ترقی کی جانب سے کفیلوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھریلو ملازمین کو مملکت پہنچتے ہی پری پیڈ سیلری کارڈ جاری کریں۔ پری پیڈ پے رول کارڈ کے حصول کے لئے کفیل کو بینک سروس کے لئے رجسٹریشن کروانا ہوگی جس کے بعد مسند آن لائن پورٹل پر بھی رجسٹریشن کروانا ہوگی۔ کفیل الیکٹرانک ریکروٹمنٹ کنٹریکٹ بنائے گا اور اس کنٹریکٹ کی کاپی پرنٹ کرنے سے پہلے ملازم کی تنخواہ کے بارے میں بتانا ضروری ہوگا۔


سعودی حکام کاکہنا ہے کہ وزارت کا ویج پروٹیکشن سسٹم دونوں فریقین کے حقوق کے تحفظ کے لئے بنایا گیا ہے۔ وزارت کے ترجمان خالد ابا الخیل کا کہنا تھا کہ پری پیڈ پے رول کارڈ کے اجراءسے ملازمین کی تنخواہیں براہ راست ان کے بینک اکاﺅنٹ میں منتقل ہوں گی اور یوں تنخواہ کی عدم ادائیگی یا تاخیر کا مسئلہ ہی ختم ہوجائے گا۔

ویج پروٹیکشن سسٹم مملکت میں تمام اقسام کے گھریلو ملازمین پر لاگو ہوگااور اس کا اطلاق بتدریج کیا جائے گا۔ حکام کی جانب سے تمام ایسے کفیلوں کو کہ جن کے پاس گھریلو ملازمین کام کررہے ہیں، کہا گیا ہے کہ چھ ماہ کے دوران اس سکیم کا حصہ بن جائیں۔ ریکروٹمنٹ دفاتر اور کمپنیوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ ملازمین کے حقوق کے متعلق کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہی پھیلائیں۔ اس ضمن میں ایک ہیلپ لائن 19911 بھی قائم کردی گئی ہے تاکہ معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں کفیل یا ملازم دونوں اپنی شکایت درج کرواسکیں۔

مزیدخبریں