سول ملٹری تعلقات میں تناؤ کا باعث بننے والی متنازع خبر کا معاملہ
ڈان لیکس کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کرادی ،ذمہ داروں کا تعین کر لیا۔
سابق وفاقی وزیراطلاعات اور تین افسران کو ڈان لیکس کے معاملے کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد رپورٹ جمع کرادی گئی ہے ۔
تحقیقات کے بعد تین افراد سابق وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین علی خان کو سیکیورٹی لیک کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے جبکہ مریم نواز اور پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو کلین چٹ مل گئی ہے۔
ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ڈان لیکس کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کرادی ہے۔ رپورٹ میں خبر چھاپنے والے ڈان کے صحافی سرل المیڈا سمیت دیگر شخصیات کے فون کالز اور باہمی رابطوں کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے صحافی سرل المیڈا سے 8 دفعہ فون پر رابطہ کیا جبکہ وہ ڈان کے ایڈیٹر سے بھی مسلسل رابطے میں تھے۔ وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے بھی سرل المیڈا کو دو میسجز کیے جبکہ وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی سرل سے تین دفعہ فون پر بات چیت کی۔ تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والے گواہان میں سے کسی نے بھی مریم نواز یا فواد حسن فواد کے خلاف گواہی نہیں دی۔
تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرل المیڈا کو پرویز رشید نے اپنے دفتر میں بلایا جبکہ وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین علی خان کے ساتھ مل کر قومی ایشو سے متعلق خبر کا ڈرافٹ تیار کیا تھا۔ اس لیے یہ تینوں افراد ہی سیکیورٹی لیکس کے ذمہ دار ہیں۔