مصر نے پاک چین اقتصادی راہداری میں شمولیت اختیار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے،ایاز صادق

مصر نے پاک چین اقتصادی راہداری میں شمولیت اختیار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے،ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مصر نے پاک چین اقتصادی راہداری میں شمولیت اختیار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے

مصر کی تجویز سے اقتصادی راہداری کے معاشی ثمرات افریقہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ تک پہنچیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے اُمت مسلمہ کو یکجا کرنے کیلئے”نیل کے ساحل سے لیکر تابخاک کاشغر“ کا جو نظریہ پیش کیا تھا اب اس کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آن پہنچا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو مصر کے پاکستان میں متعین سفیر شریف شاہین سے ملاقات کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس میں آئے تھے، ملاقات کے دوران مصری سفیر نے پاک چین اقتصادی راہداری میں حصہ لینے کی تجویز پیش کی جو کہ خوش آئند ہے، اس تجویز سے اقتصادی ترقی کی راہیں مزید کھلیں گی،

اس طرح براستہ پاکستان کم قیمت اور محفوظ ترین تجارتی راستوں کے ذریعے چین سے افریقہ تک تجارت ممکن ہوسکے گی۔

ایاز صادق  نے مصر کی اس تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ حقیقی طور پر خطے میں سی پیک کے منصوبے سے معاشی انقلاب کی نئی جہتیں کھلیں گی، چین سے مصر کی تجارتی منڈیوں سمیت یورپ اور افریقا تک تجارتی رسائی حاصل کرنے کیلئے مہینوں بحیرہ عرب، بحیرہ احمر اور بحیرہ روم میں سفر کرنا پڑتا تھا، اب سی پیک کے ذریعے یہ راستہ دنوں میں اپنا سفر مکمل کرلے گا۔

سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ مصر سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کو بھی خوشحالی کی اس راہداری سے مستفید ہونا چاہئے۔